کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں جاری لاک ڈاؤن ک، گزشتہ ماہ برآمد ات میں 54فیصد کمی اور مالیاتی خسارہ بڑھنے کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مندی کا رجحان رہا۔شیئرز فروخت کا دباؤبڑھنے سے ابتدا میں تیزی کا رجحان بعد ازاں مندی میں تبدیل ہوگیا، جس سے کے ایس ای100انڈیکس264.57پوائنٹس کی کمی سے 33728.18پوائنٹس کی سطح پر آگیاجبکہ 46.57فیصد کمپنیوں کیحصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 22ارب60کروڑ94لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت20.03فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز پاکستان سٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا ، اختتام پر مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید35پیسے اضافے سے 159.50سے بڑھ کر159.85روپے اور قیمت فروخت159.70 سے بڑھ کر160.05روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید159 اور قیمت فروخت160روپے مستحکم رہی۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت4ڈالر اضافے سے 1702ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 200روپے اضافے سے 94700روپے فی تولہ اور 172روپے اضافے سے 81ہزار190روپے فی 10گرام ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت10روپے کمی سے 950روپے فی تولہ ہوگئی۔