لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور سمیت پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف موثر اور سخت کارروائی نہ کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اس حوالے سے ایک درخواست دائر کی گئی ہے ۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق نے درخواست میں نشاندہی کی کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی نہیں کررہی جس کی وجہ سرعام منشیات فروخت ہورہی ہے ، منشیات فروشوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کرنا ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس سے بچایا جا سکے ۔