اسلام آباد (وقائع نگار،خبرنگارخصوصی) قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کے اجلاس میں حکام نے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد کے اعلان کے بعد 563 قیدی رہا ہوئے ، منشیات کیسز کے باعث 60 فیصد قیدی رہا نہ ہوسکے ۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزارت خارجہ حکام نے کہاکہ سعودی عرب منشیات سمگلنگ کے ملزمان کو قانون کے تحت ڈیل کررہا ہے ،غیر قانونی 3400 افراد کو سعودیہ سے ڈی پورٹ کیا گیا ۔ کمیٹی نے چھوٹے اور سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک قیدیوں کی فہرستیں مانگ لی۔کمیٹی نے مشرق وسطیٰ میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی تعداد بڑھانے کی سفارش کردی ۔ادھرقومی اسمبلی کی قائمہ برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے رکن علی نواز اعوان نے سیکرٹری کمیٹی پر عدم اعتمادکااظہار کر دیا ۔قائمہ کمیٹی کااجلاس سید امین الحق کی زیرصدارت ہوا ۔ دوسری جانب مذہبی امورکی ذیلی کمیٹی نے معلم فیس ،حاجیوں کوباسی کھانادینے ،عزیزیہ میں حاجیوں کوٹھہرانے کی شکایات اورمجاملہ ویزے پرحج کرنیوالوں کی تفصیلات طلب کرلیں ۔ذیلی کمیٹی کااجلاس کنوینر شگفتہ جمانی کی زیر صدارت ہوا۔کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ حجاج کو زائد المیعادکھانا کیوں دیا گیا؟وزارت حکام نے بتایاکہ 4مکاتب کی شکایت کی گئی،دو کومعطل کیا گیا ،دو کیخلاف سعودی حکام کارروائی کر رہے ہیں، کسی کو مجاملہ ویزہ پر نہیں بھیجا ۔