اسلام آباد؍لاہور(سپیشل رپورٹر؍ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ افسر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہونگے ، منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کا نظام بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے پنجاب ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔اجلا س میں وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ خزانہ ہاشم جوان بخت، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، معاون خصوصی وزیراعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ،وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب و دیگر موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ نے آگاہ کیا کہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 66فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے بجٹ استعمال کرنے کی شرح 97 فیصد رہی جو کہ پچھلے 10 سالوں میں ریکارڈ ہے ۔سیکرٹری منصوبہ بندی بورڈ پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال بجٹ اہداف پنجاب گروتھ سٹریٹیجی 2023 کو مد نظر رکھ کر بنائے گئے ۔ترقیاتی بجٹ سے ساڑھے 3لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا تخمینہ ہے ۔وزیر اعظم نے پنجاب ترقیاتی پروگرام کے اہداف کو سراہتے ہوئے ان منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا تمام ضلعی اور متعلقہ اداروں کے افسران منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہوں گے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل کی مانیٹرنگ کے لئے نہ صرف جدید سائنسی طریقہ کار کو بروئے کار لایا جائے بلکہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے جو کہ اس حوالے سے مسلسل آگاہ رکھے ۔انہوں نے کہا ضلعی ترقیاتی پیکیج پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہر ضلع میں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان بنائے جائیں تاکہ ان کو صحتمند سرگرمیوں کے لئے مواقع فراہم ہوں۔ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کیئر کے نظام کا خصو صی طور پر ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ عام آدمی اس سہولت سے مکمل طور پر مستفید ہو اور اس حوالے سے اسے کوئی دقت نہ ہو۔ وزیر اعظم نے کہا ترقیاتی پیکیج کا سہ ماہی جائزہ اور پیشرفت رپورٹ سے وزیر اعظم آفس کو بھی آگاہ رکھا جائے ۔قبل ازیں وزیراعظم کا دورہ لاہور خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ عمران خان نے شیڈول اجلاسوں کی ویڈیو لنک پر اسلام آباد سے صدارت کی۔عمران خان کے زیر صدارت حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے جامع ڈویلپمنٹ و مینجمنٹ منصوبے کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا جس میں بادشاہی مسجد، پنجاب میں دیگر مزارات کے تحفظ اور بحالی و آرائش کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے کہا ملک بھر میں واقع مزارات ہمارا تاریخی ورثہ ہیں، مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ان مقامات کی بحالی و تحفظ انتہائی اہم ہے ۔وزیراعظم نے کہا درباروں کے اطراف میں واقع اراضی کو مناسب طریقے سے بروئے کار لانے کے حوالے سے جامع پلان تشکیل دیا جائے تاکہ اس سرکاری اراضی کو ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لئے بروئے کار لایا جا سکے ۔وزیراعظم نے مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، خیبرپختونخوا نے بلین ٹری سونامی کے حوالے سے قابل تقلید مثال قائم کی۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ صوبہ پنجاب میں ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر شجر کاری کے پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نہ صرف شجرکاری بلکہ شجرکاری مہم کی مانیٹرنگ اور نتائج کے حوالے سے بھی جدید طریقہ کار کو بروئے کار لایا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم میں ٹائیگر فورس، طلبا، سول سوسائٹی اور سرکاری و غیر سرکاری محکموں کی بھرپور شرکت بھی یقینی بنانے پر توجہ دی جائے ۔