لاہور(محمد نواز سنگرا)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے زیر تکمیل منصوبوں کے افتتاح کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ڈیجیٹل پنجاب کے تحت سات منصوبوں کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کاافتتاح آئندہ چند روز میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے متوقع ہے ۔ قانونگوئی کی سطح پر 115اراضی ریکارڈ سنٹرز کا قیام جون میں عمل میں لایا جا نا تھا مگر ستمبر میں بھی محض32اراضی ریکارڈ سنٹر کو فنکشنل کیا جا سکا،48سنٹر ابھی ادھورے ہیں جبکہ 45سنٹرز پر کام شروع ہی نہیں کیا گیا۔ اس کے باوجود پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اس منصوبے کا افتتاح کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب میں عوام کو گھر کی دہلیز پر اراضی سے متعلق سروسز فراہمی کیلئے 20موبائل وین خریدنے کا منصوبہ تھا جن میں سے 10وین کو فنکشنل کیا جا سکا۔ آن لائن فرد کا اجراپہلے سے جاری ہے مگر موجودہ پی ایل آر اے انتظامیہ اس کا افتتاح کرا کر کریڈ ٹ لینا چاہتی ہے ۔ امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور یو اے ای کے سفارتخانوں میں اوورسیز اراضی ریکارڈ کائونٹر ز فنکشنل کرنے کی بجائے سٹاف کی تربیت کا عمل جاری ہے ۔ 100 تحصیلوں میں رجسٹری کی کمپیوٹرائزیشن اور خود کار نظام کے تحت تصدیق انتقال منصوبہ شروع ہی نہیں کیا گیا مگر اس منصوبے کو گرائونڈ بریکنگ کا نام دیکر اس کا بھی افتتاح کرایا جا رہا ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے صاف و سرسبز پنجاب منصوبہ کے تحت ملک بھر میں پودے لگانے کی مہم شروع کر رکھی ہے مگر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی انتظامیہ نے صاف و سرسبز پنجاب مہم کے تحت تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز کے گردونواح میں شجر کاری منصوبے کا اب افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی ترجمان نادیہ احمد نے بتایا کہ قانونگوئی کی سطح پر115میں سے 32اراضی ریکارڈ سنٹر مکمل ہیں ،20میں سے 10موبائل وین ابتدائی طور پر لانچ کر رہے ہیں ،سیٹلائٹ سنٹرز بور ڈ آف ریونیو اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کام کریں گے ۔ تمام منصوبوں پر جتنا کام ہو چکا ہے اتنے کا افتتاح کر نے جا رہے ہیں ، پی ایل آر اے مکمل منصوبوں کا افتتاح نہیں کرنے جا رہا ۔