لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال کی ہدایت پر امسال پنجاب حکومت کو درپیش معاشی چیلنجز کے باوجود پنجاب سیڈ کارپوریشن نے کپاس کے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے منظور شدہ بیج کی قیمت کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن محمود جاوید بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کی خوشحالی اور کاٹن انڈسٹری کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہیں اور اس کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر محمود جاوید بھٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن نے بتایا کہ وزیر زراعت پنجاب کی ہدایت پر کپاس کے نئی قیمتوں کی رو سے منظور شدہ بُر والا کپاس کے بیج کا20 کلوگرام کا تھیلہ مبلغ 6500روپے کی بجائے 4300 روپے ،بنیادی بُر والا کپاس کے 20 کلو گرام کا تھیلہ مبلغ 6700 روپے کی بجائے 4500روپے جبکہ تصدیق شدہ بغیر بُر والا کپاس کا بیج10کلو گرام کا تھیلہ مبلغ 5250 روپے کی بجائے 3300روپے میں دستیاب ہوگا۔