مکرمی !چند دن پہلے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے مہنگائی کے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیسی مہنگائی؟ ٹماٹر تو سترہ روپے کلو میں مل رہا ہے۔ملک میں ہونے والی مہنگائی کے متعلق حکومتی عہدیداروں کا رویہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ رواں سال مہنگائی کی شرح میں جتنا اضافہ ہوا ہے، اس کی نظیر نہیں ملتی۔ یہ حکمرانوں کی بے حسی اور غیر ذمہ داری ہے ۔ انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ ملک میں کتنی مہنگائی بڑھ رہی ہے ؟ حکمرانوں کو صرف اپنی ذات کی پڑی ہے ۔ لوگ یہاں مارکیٹ سے ڈھائی سو سے تین سو روپے کلو ٹماٹر خرید رہے ہیں لیکن وزیر خزانہ اپنے اقتدار کی مستی میں مست ہوکر ٹماٹرکے ریٹ سترہ روپے کلو بتارہے ہیں۔ حد ہوتی ہے غیر ذمہ داری ؟ کیا ایسے ہوتے ہیں ملک کے ذمہ داران جنہیں معاشرے کا کچھ معلوم ہی نہ ہو۔ کبھی خود خریداری کرنے نکلیں تو انہیں معلوم ہو کہ ملک میں کیا ہورہا ہے۔ کبھی کسی غریب کی جھونپڑی میں جاکر بیٹھیں تو انہیں پتہ چلے کہ غربت کیاہوتی ہے۔ ان حکمرانوں کی دوڑ گھر سے اسمبلی تک ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ ملک میں جو کچھ ہورہا ہے ، انہیں کچھ لینا دینا نہیں ہوتا۔ خدا کے لیے غریب عوام کا کچھ سوچیں۔ مصنوعی مہنگائی پر قابو پائیں۔ اتنی بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کریں۔ اپنے ذاتی معاملات کے ساتھ ساتھ معاشرے میں رہنے والے غریبوں کے حالات سے بھی باخبر رہیں۔ ( محمد ریاض علیمی، نیو کراچی)