مکرمی! بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو اس لیے ایک آزاد خداداد مملکت ’’پاکستان‘‘ کا تحفہ دیا تھا تاکہ مسلمان اور یہاں بسنے والی اقلیتیں اپنے اپنے عقائد کے مطابق آزادانہ اور خوشحال زندگی بسر کر سکیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ بانی پاکستان نے جس خوشحال پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ شرمندئہ تعبیر ہوتا نظر نہیں آتا۔پاکستان میں اکثریت غریب عوام کی ہے جن میں سے زیادہ تر طبقہ ’’دیہاڑی دار ہے‘‘ ہے جو زندگی کی گاڑی کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے طرح طرح کے پاپڑ بیلتا ہے تب کہیں جا کر اسے دو وقت کی روٹی نصیب ہوتی ہے۔ وطن عزیز کی بدقسمتی رہی ہے کہ یہاں ہمیشہ غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کرنے والا طبقہ نہ صرف استحصال کا شکار ہوتا رہا ہے بلکہ مہنگائی کی چکی میں پسنا بھی اس کا مقدر بن چکا ہے جس کی وجہ سے اس طبقے کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں۔مہنگائی کا جن ہے کہ قابو میں آنے کا نام نہیں لیتا۔کبھی غریب عوام پر پٹرول بم گرا کر ان کی زندگیاں اجیرن کر دی جاتی ہیں تو کبھی دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ان کی کمر توڑ دی جاتی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ایل پی جی گیس کے نرخوں میں حالیہ اضافہ نے غریب عوام کے کندھوں پر مزید بوجھ ڈال کر انہیں تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ (تنویر حسین، احمد پور سیال )