لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،این این آئی)احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا گزشتہ سماعت کاتحریری حکم جاری کر دیا جس میں نصرت شہباز ،سلمان شہباز ، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ جویریہ علی کی ایک دن حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی ، حکمنامے میں کہا گیا کہ جیل ڈاکٹر امجد علی کے مطابق حمزہ شہباز کو کوروناہوچکا،ٹیسٹ کی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے ۔ احتساب عدالت لاہور کے جج اکمل خان نے کروڑوں روپے کی جائیدادوں اور بینک بیلنس کے سکینڈل میں ملوث (پی ڈبلیو ڈی) کے سابق انجینئر ملزم محمد رمضان کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج سجاد احمد نے 11 ارب روپے کے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن کیس کے 37 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 ستمبر تک توسیع کر دی،نیب نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کردیں۔احتساب عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد نے ہربل میڈیسن کے نام پر سات کروڑ روپے کے فراڈ کیس کے ملزم راجہ کبیر کے جوڈیشل ریمانڈ میں29 ستمبر تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نیب ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد نمبر تین کو منتقل ہوگیا، بدھ کو ریفرنس کی منتقلی کے بعد جج اصغر علی نے سماعت کی اور آئندہ سماعت تیس ستمبر پر ملزمان کو طلب کر لیا ۔