اسلام آباد (وقائع نگار) سٹیٹ بینک نے منی لانڈرنگ اور بینکنگ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 10 بینکوں پر 80 کروڑ 51 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کردیئے ۔ سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مختلف کمرشل بینکوں کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ، صارفین کی معلومات پوری نہ ہونے اور فارن ایکسچینج قوانین کی خلاف ورزی کی گئی جس پر انکو بھاری جرمانے کئے گئے ۔ مرکزی بینک نے اس سے قبل قوانین کی خلاف ورزیوں پر جولائی 2019ء میں بھی 4 کمرشل بینکوں پر 18 کروڑ 46 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سمیت دیگر معاملات میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی پاکستان پر کڑی نظر ہے ، پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہے جبکہ اسے بلیک لسٹ ہونے کا بھی خطرہ لاحق ہے ۔