کراچی( کامرس رپورٹر )پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف)کی ہدایت پر پاکستان میں پہلی مرتبہ بینکنگ سیکٹر میں ملائیشیا میں کام کرنیوالوں کی ترسیلات زر کیلئے بلاک چین ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جس کا مقصد ملک میں دہشتگردی کے مقاصد کیلئے مالی امداد اور منی لانڈرنگ کا خاتمہ کرنا ہے ،اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف مالی ٹرانزیکشنز کی فوری بلکہ محفوظ رسائی ممکن ہو گی حتی کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ترسیلات زر وصول اور بھجوانے والے کے تمام دستاویزی اقدامات کا پتہ لگایا جا سکے گا نیز اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر غیر قانونی حوالہ اور ہنڈی کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے گی۔سٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر کے مطابق بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے بین الاقوامی مالی ٹرانزیکشنز کی بٹکوئن اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے ہرگز مالی ٹرانزیکشنز نہیں کی جائیں گی کیونکہ ان پر پاکستان میں مکمل پابندی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی بینک نے اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت دی جس کو کئی طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔