کراچی(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے منی لانڈرنگ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو آج طلب کرلیا ہے ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق آصف زرداری کو زرداری گروپ لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر اور فریال تالپور کو بطور ڈائریکٹر طلب کیا گیا ہے ۔ دونوں شخصیات کوبے نامی اکاؤنٹس اور فرضی ٹرانزیکشن پر وضاحت دینے کیلئے ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل میں آج طلب کیا گیا ہے ۔ منگل کوایف آئی کی ٹیم نوٹس کی تعمیل کرانے بلاول ہاؤس، زرداری ہاؤس اورتالپور ہاؤس گئی تو وہاں موجود ملازمین نے نوٹس وصول نہیں کئے جس کے بعد ایف آئی اے اہلکاروں نے نوٹس ان کے گھروں کی دیوارپرچسپاں کردئے ۔نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ 20 مئی 2014 کو ڈیڑھ کروڑ کا چیک زرداری گروپ لمیٹڈ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوا۔ دونوں رہنماؤں کی کمپنی کا نام مقدمہ نمبر4/2018 میں بطور بینفشری درج ہے ۔ نوٹس میں دونوں شخصیات کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جان بوجھ کرپیش نہ ہونے پرضروری قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ادارے نے جے آئی ٹی بھی تشکیل دیدی ہے جس کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر احمد شیخ ہوں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو فوری گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔