کراچی (صباح نیوز) پاکستان کسٹمز کے آپریشن ونگ نے ملک بھر کی سرحدی راہداریوں پر منی لانڈرنگ کے سدباب کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جن میں ایف آئی اے ،سی ٹی ڈی اور ایف سی کے نامزد کردہ نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ ایک حکم نامہ کے ذریعہ یہ خصوصی ٹیمیں ملک بھرکے ساتوں داخلی اور خارجی راستوں طورخم، غلام خان،کھرلاچی،ٹانک،چمن،تفتان اور واہگہ بارڈر کلکٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ کے عملہ پر مشتمل ہیں ۔ وفاقی وزیر برائے اکنامک ڈویژن کی مشاورت سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے خلاف قائم ان خصوصی ٹیموں کو مزید موثربنانے کے لئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں ایف آئی اے ،سی ٹی ڈی اورایف سی کے نامزد کردہ نمائندوں کوبھی شامل کیا جائے تاکہ ان محکموں کے ذریعہ بوقت ضرورت منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات اوردیگرقانونی معاملات میں معاونت اور مددحاصل کی جاسکے اور سرحد پار سے آنے اور جانے والے لوگوں اور خصوصی طور پر کرنسی کی غیر قانونی منتقلی کی روک تھام اور نگرانی کو مزید بہتر اور موثر بنایا جاسکے ۔ قائم کردہ ہر ٹیم میں ایک فوکل پرسن بھی مقررکیا گیا ہے ۔