کراچی (سٹاف رپورٹر) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارنجی بینک سربراہ حسین لوائی اورطحہٰ رضا کی طبعیت ناسازہوگئی، ملزمان کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیاہے ۔مرکزی ملزم حسین لوائی کو سینے میں تکلیف کی شکایت پرقومی ادارہ برائے امراض قلب لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد حسین لوائی کو ہسپتال میں داخل کرلیا اورانہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے ۔ ڈائریکٹراین آئی سی وی ڈی ڈاکٹرنوید قمرکے مطابق حسین لوائی کودل کا دورہ پڑا تاہم انہیں فوری طبی امداد دیدی گئی۔ این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے حسین لوائی کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو فیصلہ کریگا کہ انہیں مزید ہسپتال میں رکھنا ہے یا نہیں۔ حسین لوائی کے وکیل ایڈووکیٹ شوکت حیات کے مطابق حسین لوائی کوعدالتی حکم کے باوجود ذاتی ڈاکٹرکی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں، بینکنگ کورٹ میں حسین لوائی کی ضمانت کی درخواست پرتفتیشی افسرنے دلائل دینے کے بجائے مزید مہلت طلب کرلی۔ حسین لوائی 72 سالہ شخص ہیں انہیں ہائی بلڈ پریشر، شوگر اوردل کے امراض لاحق ہیں۔ ادھرمنی لانڈرنگ کیس کے دوسرے ملزم طحہٰ رضا کو بینائی کی شکایت پرنجی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔