نئی دہلی(کے پی آئی،این این آئی) بھارتی عدالت نے کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی سمیت3 کشمیری رہنمائوں کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بری کر دیا جبکہ شبیر شاہ، یاسین ملک اور دیگر 14رہنمائوں پر فرد جرم عائد کرنیکا حکم دیدیا۔ این آئی اے نے 2017میں17افراد پر جھوٹا مقدمہ درج کیاتھا۔بھارتی عدالت کا کہنا ہے کہ آسیہ اندرابی، فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف اور جاوید احمد بٹ کے خلاف ناکافی ثبوت ہیں۔یاد رہے دختران ملت کی چیئرپرسن سیدہ آسیہ اندرابی ان دنوں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں ان پر کئی مقدمات درج ہیں ۔دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں ٹرانسپورٹروں نے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف آج پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔وادی میں مزید4نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔دی کشمیر فائلز نامی فلم کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈے کے بعد بھارتی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں1989-90 میں کشمیری پنڈتوں کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ضلع کولگام میں ایک بھارتی فوجی اپنی رائفل سے گولی چلنے سے زخمی ہو گیا ہے ۔