کراچی(سٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ کراچی نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف علی زرداری ،فریال تالپوراور دیگر ملزمان کی ضمانت میں 10دسمبرتک توسیع کردی جبکہ تفتیشی افسر کی جیل میں ملزموں سے تفتیش کی درخواست پروکلا کو 15نومبرکے لیئے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔گزشتہ روز بینکنگ عدالت میں ملزمان آصف زرداری،فریال تالپور،علی مجید،نمرمجید،مصطفیٰ ذوالقرنین ودیگرپیش ہوئے ۔آصف زرداری کی ایک بارپھرمقررہ وقت پرعدالت میں عدم پیشی کے باعث طلبی کے لئے کمرہ عدالت میں آوازیں لگتی رہیں۔عدالت ایف آئی اے پراسیکیوٹر اورتفتیشی افسرکے بھی تاخیرسے آنے پربرہم ہوگئی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر ہفتے میں صرف 2 روز آتے ہیں،وہ بھی تاخیرسے ۔ ملزمان انور مجید اور طحٰہ رضاکی عدم پیشی سے متعلق میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ملزم انورمجید دل کے عارضے میں مبتلا اورقومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیرعلاج ہیں۔ملزم طحٰہ رضا بھی ٹانگ کے آپریشن کے باعث نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔سابق صدر آصف زرداری کچھ دیرعدالت میں بیٹھنے کے بعد بغیرحاضری لگائے بینکنگ کورٹ سے چلے گئے ،جس پر عدالت نے دوبارہ طلب کرلیا۔سابق صدردوبارہ بینکنگ کورٹ پہنچے اورحاضری لگائی۔اس دوران آصف زرداری نے حسین لوائی سے ملاقات کی۔ایف آئی اے کے تفتیشی افسرنے پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔تفتیشی افسرنے بتایا کہ مفرورملزمان کوباقاعدہ اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔ملزمان کے گھروں پراشتہارات چسپاں کردیئے ہیں۔ملزمان کی جائیداد کی معلومات کے لیے متعلقہ کمشنر کوخطوط لکھ دیے گئے ہیں۔عدالت نے تفتیشی افسرکوضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے ایک مرتبہ پھر مفرورملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے ۔