اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہچینی اور گندم کی مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مفصل منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور ان کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم کو ملک بھر میں عام آدمی کے استعمال میں آنے والی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ خصوصاً منڈی اور پرچون کے نرخوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتوں کے استحکام کے ضمن میں اپنی ذمہ داریوں میں لغزش کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ،اب تک 7 اسسٹنٹ کمشنرز، مارکیٹ کمیٹیوں کے دو سیکرٹریز کو معطل جبکہ دو ڈپٹی کمشنر ز کو وارننگ دی جا چکی ہے ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ معاملات حتمی مراحل میں ہیں،ان کے نتیجے میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں 10 سے 15 روپے فی کلو کمی کی توقع ہے ۔وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری صاحبان کو حکم دیا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام خصوصاً منڈی اور پرچون میں غیر منطقی فرق کو ختم کرنے کے حوالے سے ہر ممکنہ انتظامی اقدام یقینی بنایاجائے ۔وزیرِ اعظم نے کہا محض انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ناکافی ہے ،انتظامی اقدامات کے نتائج سامنے آنے چاہئیں۔ وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا مزمل حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہماری حکومت کی توجہ چھوٹی صنعتوں کو سہولیات دینے پر مرکوز ہے ،مجوزہ ایس ایم ای پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔وزیراعظم نے وزارت داخلہ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا حکومت جرائم کی روک تھام کے لئے یونیورسل پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن کا اجراء کرے گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بین الصوبائی رابطوں سمیت تمام ضروری کام مکمل ہوچکا ہے اوراکتوبر 2021 کے پہلے ہفتے تک ہیلپ لائن باقاعدہافتتاح کے لئے تیار ہو گی۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں جرائم پر قابو پانے کے لئے جلد از جلد سروس کے آغاز میں تمام رکاوٹوں کو دور کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا کے دوبارہ پھیلائو کو روکنے میں حکومت کا ساتھ دیں اور حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے لکھا کہ خیر نال جا اور خیر نال آ، ایسے ہی بنیں ایک دوسرے کے خیرخواہ۔