پشاور (92 نیوزرپورٹ،این این آئی،نیٹ نیوز )ایم ایم اے کے کرم ایجنسی سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق منیر خان اورکزئی کے صاحبزادے اختر منیر اورکزئی نے اپنے والد کے کورونا کے شکار ہونے کی تصدیق کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انکی حالت اب بہتر ہے ، وہ ملاقات کے لئے آئے کسی متاثرہ شخص کی وجہ سے بیمار ہوئے ہیں، وہ گزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں وینٹی لیٹر پر تھے تاہم اب ان کی طبیعت بہترہے ۔ ہماری فیملی کے دیگر افراد کے بھی ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں، منیر خان اورکزئی لاک ڈائون کی صورتِ حال میں گھر پر ہی رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کے کے فوکل پرسن کے مطابق گزشتہ روز معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش طبیعت کی خرابی کی باعث ہسپتال گئے جہاں پر کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا جس کے بعد وہ گھر میں قرنطینہ ہوگئے جبکہ خاندان کے مزید 11 افراد کے نمونے بھی تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ۔