اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو متحدہ مجلس عمل کے قبائلی رکن منیر خان اورکزئی کے انتقال کے سوگ میں بغیر کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن گزشتہ روز کورونا سے صحت یاب سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔اجلاس کے آغاز میں جماعت اسلامی کے رہنماء مولانا عبدلااکبر چترالی نے مرحوم منیر خان اورکزئی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔خواجہ آصف ، راجہ پرویز اشرف ، مولانا اسعد محمود ،وزیر ہوابازی غلام سرور خان،مشیر پارلیمانی ڈاکٹر بابراعوان نے منیر اورکزئی کی سیاسی، پارلیمانی خدمات پرمرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سپیکر نے اعلان کیا کہ ان کے انتقال کے سوگ میں روایت کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے کو پیر سہ پہر 4بجے تک موخر کیا جاتا ہے اور مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔بجٹ سیشن شروع ہونے کے باوجود انتہائی کم تعداد میں اراکین اسلام آباد آئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت کئی وزرا موجود نہیں تھے ۔اجلاس کے دوران بعض ارکان کی جانب سے سماجی فاصلے کی خلاف ورزی نظر آئی ، ارکان ایک دوسرے کی نشستوں پر جاکر گفتگو کرتے رہے ۔ سپیکرنے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے دشمن خود بن رہے ہیں ، ارکان نے سماجی فاصلے کا خیال نہ کیا تو اجلاس ختم کردوں گا۔اجلاس میں طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد، سابق ارکان قومی اسمبلی سمیت ملک بھر میں مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔سپیکر نے بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کی واپسی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔