لاہور(بابر علی) لاہور ڈویژن کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے محکمہ بلدیات کے حکم پر یکم جولائی سے منڈی میں آنے والے جانوروں پر فیس وصول کرنے کا عمل شروع نہیں کیا گیا ،منڈی میں آنے والے جانوروں پر فیس عائد کرنے کا معاملہ دو ماہ تک موخر کرنے اور وصولی کا عمل آؤٹ سورس کرنے کی سفارش کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے 15 جون کو کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کو مراسلہ بھیجوایا تھا، جس میں یکم جولائی سے منڈی میں داخل ہونے والے بڑے جانوروں پر500روپے اور چھوٹے جانوروں پر 100 روپے فیس وصول کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور یہ بھی ہدایت کی گئی تھی کہ فیس کمپنی از خود وصول کرے ۔ مراسلہ میں 19 جون تک فیس وصول کرنے کا تفصیلی پلان بھی مانگا گیا، جو نہیں بھیجوایا گیا۔مراسلہ میں واضح لکھا ہے کہ 6فروری کو کیبنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیز کیلئے نئے بزنس ماڈل کی منظوری دی تھی اور 27 فروری کو محکمہ کی طرف سے نئے ماڈل کے اہم نکات سے آگاہ کیا گیا تھا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اس کے بعد معاملے پر مزید پیش رفت نہیں ہو سکی، اب 15 جون کو کمپنی کو مراسلہ بھیجوایا گیا کہ یکم جولائی سے فیس وصول کی جائے ۔کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تیاری کیلئے قلیل وقت ملنے کی وجہ سے دو ماہ کی مہلت مانگی ہے ، معاملہ دو ماہ تک موخر کرنے اور فیس وصول کرنے کا عمل آؤٹ سورس کرنے کی سفارش کی ہے ۔