چارسدہ ( نمائندہ92نیوز ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی وجہ سے قادیانیوں اور اسرائیل کے تمام عزائم ناکام ہوگئے ہیں، اگر ناموس رسالت قانون کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی توایک بار پھر اکابرین امت کی تاریخ دہرائیں گے، 18 ماہ میں 70 سالہ قرضوں کا ریکارڈ توڑ نے والے حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر کے عوام کو خودکشیوں اور بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور کردیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل پارک چارسدہ میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ؐکے زیر اہتمام عظیم الشان ختم نبوت ؐکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پشت پر یورپ، امریکہ کے کھڑے ہونے کے باوجود جے یو آئی ان کی نااہلی کے خلاف میدان میں کھڑی ہے ،آرٹیکل 6کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ،اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد آزادی مارچ میں علامتی طور پر شرکت کی اور آرمی ایکٹ کے منظوری میں عمران خان کا ساتھ دیا جس سے ثابت ہوا کہ ان لوگوں نے استقامت کامظاہر ہ نہیں کیا ۔کانفرنس سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا ،مولاناسید محمد کفیل بخاری ، صوبائی امیر مفتی شہاب الدین پوپلزئی ،جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری،محمد اکرم خان درانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ غربت کا گراف بڑھتا جارہا ہے ،موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں ہیں۔