اسلام آباد،لاہور(92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،کامرس رپورٹر) ملک میں موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا،پاک سوزوکی اور یاماہا نے رواں سال میں پانچویں اورہونڈانے 7ویں بار قیمتوں میں اضافہ کردیا،یاماہا نے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 6سے 7ہزار،ہونڈانے چارسے پانچ ہزارجبکہ پاک سوزوکی نے 8 ہزار روپے تک اضافہ کردیا ۔یاماہا وائے بی125 زی کی نئی قیمت 6 ہزار روپے اضافہ سے 1لاکھ 84ہزارسے بڑھ کر 1 لاکھ 90 ہزار،یاماہا وائے بی 125 زی ڈی ایکس اور وائے بی آر 125 کی قیمت 7 ہزار اضافہ سے بالترتیب 2 لاکھ 5 ہزار 500 اور 2 لاکھ 11 ہزار روپے ہوگئی۔وائے بی آرجی کی قیمت دولاکھ پانچ سو روپے 00ہوگئی۔سوزوکی جی ڈی 110 ایس، جی ایس 150 سی سی اور جی ایس 150 ایس ای کی قیمت میں 5 ہزارکا اضافہ کردیا گیا ، یہ موٹرسائیکلیں اب 1 لاکھ 99 ہزار روپے ، 2 لاکھ 15 ہزار روپے اور 2 لاکھ 32 ہزار روپے میں دستیاب ہونگی۔سوزوکی جی آر 150 سی سی 8 ہزار روپے اضافہ کے بعد 3 لاکھ 15 ہزار روپے میں فروخت ہوگی، نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگیا ہے ۔شہریوں نے غریب کی سواری موٹرسائیکل کی قیمتیں بڑھنے پرشدیدمایوسی کااظہارکردیا،92نیوزسے گفتگومیں ان کا کہنا تھاعام آدمی کہاں جائے ،امیرتوکاریں بھی افورڈکرسکتے ہیں ،آخرمیں پھرخودکشیاں ہی ہونگی،بیروزگاری،مہنگائی بڑھ رہی ہے ،کوئی ایک چیزتوبتائیں جس کی قیمت کم ہورہی ہے ،کم ہورہاہے توغریب کم ہورہا،غریب دنیاسے جارہاہے ،اب زیادہ لوگ موٹرسائیکل افورڈنہیں کرسکتے ،کوئی چیک اینڈبیلنس ہوناچاہئے ، کوئی ترتیب ہونی چاہئے کہ ریٹس بڑھنے کی وجہ سمجھ بھی آئے ،ایک شہری نے کہا ہم سائیکل لے لیں گے توسائیکل مہنگی کردینگے ،موٹرسائیکل تودورکی بات لوگوں کے پاس توکھانے کیلئے بھی پیسے نہیں،غریب مرجائیگا،ایک ڈیلرنے کہاپہلے لوگ موٹرسائیکلیں خریدتے تھے اب آتے ہیں اورریٹس پوچھ کرچلے جاتے ہیں۔