لاہور (سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے علمائکے وفد سے گفتگو اور نوجوان کھلاڑیوں کی تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت اسٹیبلشمنٹ ، جاگیردار ،مفاد پرست ،سرمایہ پرست اور اقتدار کی رسیا اشرافیہ کی یرغمال ہے ۔امانت و دیانت ، اہلیت اور جمہوری رویوں کے ساتھ ملک میں پائیدار جمہوری اور فلاحی نظام ناگزیر ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن نے سیاسی میدان میں ہلچل مچا دی ہے ، حکومت حواس باختہ ہے ۔ اس پوری جدوجہد کے نتائج تو پردہ میں ہیں لیکن سیاسی ، آئینی ، جمہوری بنیادوں پر اپوزیشن کی ہر جماعت کو پرامن احتجاج ، ریلی ، مارچ اور دھرنا کا حق حاصل ہے ۔ حکومت منفی پروپیگنڈہ اور ریاستی طاقت سے احتجاج کا راستہ روکے گی تو انارکی پھیلے گی اور حکومت اپنے اقتدار کی جڑ پر کلہاڑا چلائے گی ۔