مکرمی! موبائل فون ہم سب کی ضرورت بن چکا ہے۔ موبائل نے انسانی زندگی میں بہت سی مثبت تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ اس کی بدولت فاصلے کم ہوگئے ہیں۔ تجارتی لین دین میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور کاروباری حساب کتاب رکھنے میں بے حد آسانی ہو گئی ہے مزید یہ کہ موبائل سے ہم مثبت معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ جہاں موبائل کے فوائد ہیں وہاں نقصانات بھی ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے مطابق 85 فیصد لوگ موبائل فون 2 فیصد فکسڈ فون جبکہ 10 فیصد انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔ اکثر نوجوان سفر کے دوران موبائل فون استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے بے شمار حادثات ہوتے ہیں۔ موبائل فون پر غیر ضروری مواد بھی سرچ کیا جاتا ہے جو نہ دینی اور نہ دنیاوی لحاظ سے بہتر ہے۔ موبائل فون کا غیر ضروری استعمال نہ کیا جائے اور ضرورت کے مطابق موبائل پر رقم خرچ کی جائے اور سفر کے دوران موبائل فون کا استعمال مکمل طور پر بند کیا جائے تاکہ حادثات نہ ہوں اگر موبائل فون کو ضرورت کے تحت استعمال کیا جائے تو یہ ہمارے لیے اچھا ثابت ہو گا۔ (علیزہ اصغر)