لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ایکسپوسنٹر جوہر ٹائون میں تیسری پاکستان پیپر و سٹیشنری اینڈ ایجوکشن ایکسپو 2020 کا افتتاح کیا جس کا اہتمام آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن نے کیا تھا ۔ صوبائی وزیر نے نمائش کے افتتاح کے بعد وہاں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور ان سٹالوں میں رکھی گئی مقامی سطح پر تیار کردہ پیپر مصنوعات میں گہری دلچپسی کااظہار کیا ۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھے پیکجز کی مقامی سطح پر تیار ی دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے ۔ اگر ہم کوئی چیز باہر سے منگواتے ہیں تو کاغذ کی یہ مصنوعات مصنوعات مقامی سطح پر آدھی قیمت میں تیار ہورہی ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ موجودہ حکومت درآمد کم کرکے برآمدات بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کی سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ بلند ترین سطح پر ہے اور یہ ایسا انڈیکیٹر ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستانی روپیہ مستحکم ہوا ہے اور آنیوالے وقت میں اس میں مزیدبہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت دستاویزی معیشت کی جانب بڑھ رہی ہے ۔ ایف بی آر کے نظام کو آٹومیشن پر لایاجارہاہے جس سے مزید شفافیت آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملکوں کے نظام ٹیکسوں سے چلتے ہیں اس لئے سب کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا ۔ ٹیکس چوری یا ٹیکس معافی سے حالات ٹھیک نہیں ہوتے بلکہ ٹیکسوں کی وصولی سے عوام کو ریلیف ملتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ مہنگائی سے انکار نہیں تاہم اجتماعی کاوشوں اور اقدامات سے قیمتوں میں استحکام آیاہے ۔ 20 کلو آٹے کا تھیلہ 808 روپے میں پنجاب بھر میں دستیاب ہے ، گھی کی قیمتوں میں اتار چڑھاآیاہے جس کی وجہ یہ ہے کہ پام آئل ملائشیا سے منگوایاجاتا ہے اور عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتیں بڑھی ہیں تاہم موجودہ حکومت پام آئل کی مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم نے بھی عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے 6 ارب روپے کا پیکج دیاہے جس کے ذریعے عوام کو یوٹیلٹی سٹورپر اشیا ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں ۔ پنجاب حکومت نے بھی راشن کارڈ سکیم کو حتمی شکل دیدی ہے جس کا جلد اجرا کیا جارہاہے ۔انہو ں نے کہاکہ موجودہ حکومت ر یفارمز گورنمنٹ ہے اور ریفارمز ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے ۔ حکومت نے مختلف اداروں میں جدید اصلاحات متعارف کرائی ہیں جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت کی زبردست معاشی پالیسیوں کی بدولت معیشت نیگٹو سے پازیٹو کی طرف جاری ہے اور رواں سال عوام کیلئے خوشخبریوں کا سال ہے ۔