لاہور(خصوصی نمائندہ)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات کا ہم سب کو مل جل کر مقابلہ کرنا ہے ،پاکستان سب کا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نیک نیتی کے ساتھ ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں اور لمبے عرصے سے جمع ہونے والی مشکلات کو دن بدن کم کیا جا رہا ہے ۔ایک مقامی این جی او کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ حکومت کے پاس وسائل کم جبکہ ملک میں مسائل کہیں زیادہ ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان نے درست ترجیحات کا تعین کر رکھا ہے اور وہ ملک کو مضبوط بنیادوں پر دیر پا حل کے ساتھ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے اْن کی ٹیم درست ٹریک پر گامزن ہے ۔علاوہ ازیں علیم خان نے عیدکے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ عید غریب اور ناداروں میں خوشیاں تقسیم کرنے کا دن ہوتاہے لیکن موجودہ صورتحال میں ہم انتہائی مخصوص حالات میں یہ عید منا رہے ہیں جس کے اپنے تقاضے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک طرف طیارے کے افسوسناک حادثے کی صورتحال درپیش ہے تو دوسری جانب کورونا کے باعث ہمیں سماجی فاصلوں اور حفاظتی اقدامات کو ملحوظ خاطر رکھنا ہے ۔