لاہور(صباح نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیکسٹائل سیکٹر کا چلنا ممکن نہیں رہا، وزیرِ اعظم عمران خان صورتِ حال کا نوٹس لیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپٹما رہنمائوں نے کہا کہ حکومت نے آتے ہی گیس اور بجلی ٹیرف کم کرنے کا وعدہ کیا تھا جو اب تک پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ گیس اور بجلی ٹیرف کم ہونے کی امید پر نئی سرمایہ کاری ہوئی تھی، لیکن حکومت وعدہ پورا نہیں کر رہی، اب جولائی سے بلوں میں بقایا جات بھی شامل کر دیئے گئے ۔سربراہ ا پٹما گوہر اعجاز نے کہا کہ برآمدات بڑھائے بغیر معاشی استحکام کا تصور نہیں کیا جا سکتا، پنجاب کی صنعت کو گیس اور بجلی کے متوازن ریٹ دیئے جائیں، اس ضمن میں پیر کو وزارتِ توانائی کے حکام سے ملاقات کریں گے ۔ا نہوں نے واضح کیا کہ بند انڈسٹری کو چلانا چاہتے تھے لیکن سستی توانائی کے بغیر ایسا ممکن نہیں ہے ، حکومت اپنے منشور کے برعکس فیصلے نہ کرے ورنہ بے روزگاری اور مہنگائی مزید بڑھے گی۔