اسلام آباد،کراچی،راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،آن لائن)آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں چوکس رہنا ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روزآرمی چیف نے کراچی کادورہ کیا جس کے دوران انہوں نے کورہیڈکوارٹرزکراچی اورسندھ رینجرز ہیڈکوارٹرز کادورہ کیا۔ کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیزنے آرمی چیف کوسکیورٹی صورتحال، اندرونی سکیورٹی اور آپریشنل امور پر بریفنگ دی ۔آرمی چیف نے کراچی میں دیرپاامن کیلئے قانون نافذکرنیوالے اداروں کے کردار اور اجتماعی کوششوں پراطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کی تعریف کی اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پرخراج تحسین پیش کیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ حالات میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں چوکس رہنا ہوگا۔آرمی چیف نے گیرژن، ہیلتھ سنٹراورفیلڈآئیسولیشن سنٹرکادورہ بھی کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوروناسے بچاؤ کیلئے کراچی فارمیشن کی کوششوں کی تعریف کی۔آرمی چیف نے سندھ رینجرزہیڈکوارٹرزآمدپریادگارشہدا ئپر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔