فیصل آباد(نیوز رپورٹر) پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیونے کہاہے کہ نواز شریف میں بھی غرور بہت تھا لیکن موجودہ حکمران ان سے بھی زیادہ مغرورہیں ، جو بندہ خود یہ کہتا ہو کہ میرے وزیر میری بات نہیں مانتے وہ ملک کو کیا چلائے گا ۔ فیصل آباد چیمبرکے صدر رانا سکندر اعظم کی دعوت پر سوشل میڈیا کانفرنس کے بعد چیمبر کے دورے کے دوران انہوں نے کہاکہ جو وزیر اعظم خود کہہ رہاہے کہ سکون صرف قبر میں ہے اس سے ریلیف کی کیا توقع کی جاسکتی ہے ۔اس موقع پرپنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی ، بیرسٹر عامر حسن ، پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظوراحمد ودیگر بھی موجود تھے ۔دریں اثنا انہوں نے قائداعظم ہال ڈسٹرکٹ بارمیں سوشل میڈیا کانفرنس سے خطاب کے دوران کارکنوں کو سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے شہید بھٹو کے افکار ونظریات کو عوام تک پہنچانے کے لئے سرگرم کرداراداکرنے اورپارٹی وقائدین کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی جو ملک بھرمیں اپنی مضبوط جڑیں رکھتی ہے ،اس کے کارکن سوشل میڈیا پر اس طرح فعال نہیں، اس لئے مخالف قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر قسم کا فورم استعمال کرنا ہوگا ۔