لاہور(وقائع نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کیلئے سیاسی و انتظامی ٹیم متحرک ہے ۔ کورونا کے ساتھ’’ٹڈی دل‘‘ کا چیلنج بھی درپیش ہے ۔ کورونا اور’’ٹڈی دل‘‘ کے خلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان سے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور دیگر منتخب نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں ملتان کے ترقیاتی پیکیج کے تحت مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت اور کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کورونا سے خوفزدہ اپوزیشن رہنماؤں نے اہم ترین مسئلے پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ’’ٹڈی دل‘‘کا کردار ادا کررہی ہے ۔ پاکستانی قوم اپوزیشن رہنماؤں کے منفی رویہ سے مایوس ہے ۔ بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس کورونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں۔ یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند وبانگ دعوے ہی کررہے ہیں۔ کورونا کے خلاف کامیابی کے لئے عوام کا تعاون ناگزیرہے ،شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہئے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار عاطف مزاری کے قتل کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیااورسوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کی۔