اسلام آباد،کراچی(لیڈی رپورٹر،کامرس رپورٹر) صدر ورلڈ بینک ڈیوڈ مالپس نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں روپے کی قدر میں ٹھہراؤ آیا، استحکام معیشت کیلئے بہتر ہوگا۔جمعہ کوسٹیٹ بینک کے مرکزی دفتر میں نیشنل پیمنٹ منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم نہایت آسان اور مفید ثابت ہوگاجبکہ اس منصوبے سے فنانشل سسٹم مضبوط ہوگا۔ صدر ورلڈ بینک نے کہا کہ نظام سے ترسیلات زر اور ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہوگی۔ ڈیوڈ مالپس نے کہا کہ ورلڈ بینک ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں کام کررہا ہے ۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی۔گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے فنانشل سیکٹر میں بہت ڈویلپمنٹ ہوئی،نیشنل پیمنٹ سسٹم سے لوگوں کا فنانشل سسٹم میں آنا آسان ،اد ائیگی،سرمایہ کاری اور سیونگ میں اضافہ ہوگا جبکہ نئی کمپنیوں کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ فنانشل سسٹم میں پیسہ رکھنا دوسرے نظام کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے ،3سال کے دوران اس سیکٹر میں تیزی آئے گی جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائیگا۔صدر عالمی بینک ڈیوڈ مالپس نے 2 علاقائی نائب صدور اور بینک کے دیگر اعلیٰ عہدیدارن کے ہمراہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشترنے وفد کا خیر مقدم کیا ۔انہوں نے صدر عالمی بینک کو کفالت پروگرام کے نئے ادائیگی نظام اور بی آئی ایس پی بورڈ سے منظور شدہ ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے اقدام کے بارے میں آگاہ کیا جسے صدر عالمی بینک نے سراہا۔ ڈیویڈ مالپس نے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کیساتھ بھی بات چیت کی۔