دبئی (نیٹ نیوز)برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے مودی کو اعلیٰ ترین اماراتی سویلین اعزازدینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ناز شاہ نے دو صفحات پر مشتمل خط میں امارات کے ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے حلقے میں بسنے والے ہزاروں کشمیریوں بلکہ خود ایک کشمیری کی حیثیت سے آپ کی حکومت کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ دینے پر مایوس ہیں۔ مودی نے 15دن سے کشمیر کو مکمل لاک ڈاون کررکھا ہے اور ٹیلی فون ، انٹرنیٹ اور رابطوں کے دیگر ذرائع بند کرکے دنیا سے کشمیریوں کا رابطہ ختم کردیا ہے ۔ناز شاہ نے اپنے خط میں کشمیر میں 38 ہزار اضافی فوجیوں کی تعیناتی ، حریت رہنماؤں کی گرفتاری اور پیلٹ گنوں کے ذریعے سیاسی کارکنوں کے زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا ہے ۔ناز شاہ نے خط کے آخر لکھا کہ اگر آپ کے اقتصادی معاہدے آپ کو کشمیروں کیلئے کھڑا ہونے یا بولنے سے روکتے ہیں تو کم از کم آپ امارات کے عوام کے نمائندے کی حیثیت سے اس معاملے پر خاموش رہیں اور دل میں وزیراعظم نریندر مودی کے اقدامات کی مذمت کریں۔