اوکاڑہ،چیچہ وطنی (92 نیوزرپورٹ،نمائندہ 92 نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پیر سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ مودی سرکار الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان سے جنگ چاہتی ہے ،اوکاڑہ میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والا ہر فرد اہم ہے ، مسلمان ہو یا اقلیت سب کے حقوق برابر ہیں،سید صمصام بخاری نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ، ہمیشہ سے بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام جاری ہے ،ملک میں سب سے پہلے ڈیم بنانا چاہتے ہیں۔ اوکاڑہ کے پپلی پہاڑ فاریسٹ پارک میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پرانہیں پگڑی بھی پہنائی گئی۔علاوہ ازیں چیچہ وطنی پریس کلب اور انجمن صحافیاں چیچہ وطنی کے نو منتخب عہدیداروں کی سالانہ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا ایک اہم ستون ہے ، موجودہ دور میں میڈیا مثبت رول ادا کر رہا ہے ، صحافی کے قلم کی نوک شمشیر سے بھی زیادہ تیز دھار ہوتی ہے ، پارٹی نے مجھے وزارت کا قلمدان سونپا یہ پارٹی کی مہربانی ہے ،یہ وزارت چیچہ وطنی کے عوام کی امانت ہے ، بہت جلد حلقے میں آ کر کھلی کچہری لگاؤں گا اور عوام کے مسائل سنوں گا، سولنگ نالیوں کی نسبت صحت اور تعلیم زیادہ اہم ہیں، کچھ لوگ انڈیا کی زبان بول رہے ہیں ا ن کو اپنی حب الوطنی کے بارے میں سوچنا چاہئے ۔