ممبئی(نیٹ نیوز) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے منہ سے تعریف سن کر وزیراعظم مودی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کامیڈین کا شکریہ بھی ادا کیا۔حال ہی میں نیشنل میوزیم آف انڈین سینما (این ایم آئی سی) کے افتتاح کے موقع پر دیگر اداکاروں کیساتھ ساتھ کپل شرما نے بھی مودی سے ملاقات کی اور بعد میں ٹوئٹر پر وزیراعظم کے قصیدے پڑھ ڈالے ۔ کپل نے لکھا عزت مآب وزیراعظم صاحب، آپ سے مل کر اچھا لگا، فلم انڈسٹری اور قوم کیلئے آپکے متاثر کن خیالات جان کر بہت بہترین محسوس ہوا، اور میں یہ ضرور کہوں گا کہ آپ کی حس مزاح شاندار ہے ۔ وزراعظم مودی نے جواب میں ٹویٹ کی کہ جب کپل شرما کسی کی حس مزاح کی تعریف کریں تو یہ اس شخص کیلئے خوشی کا مقام ہوتا ہے ، میری کیفیت بھی اس سے کچھ مختلف نہیں، ساتھ ہی انہوں نے تعریف پر کپل شرما کا شکریہ بھی ادا کیا۔