اوٹاوا(خصوصی رپورٹ ) کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہے ، مودی حکومت انتہا پسند "ہندوتوا" نظریہ کو فروغ دے رہی ہے ، کشمیر کے آبادیاتی نظام کو تبدیل کرنے کیلئے باہر سے لوگوں کو لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے ، حق خود ارادیت کشمیری عوام کا ناگزیر حق ہے ۔جناح سوسائٹی آف شمالی امریکہ کے زیر اہتمام جناح ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا بشیر تارڑ نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد ریاست پاکستان کی تشکیل کی ، جہاں برصغیر کے مسلمان اپنے مذہب اور ثقافتی اقدار کے مطابق اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ہائی کمشنر نے آگاہ کیا کہ عمران خان کی سربراہی میں حکومت پاکستان ہمارے تارکین وطن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے ۔کرتار پور راہداری کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ایک بہت ہی مثبت اور قابل ستائش عمل ہے ۔انہوں نے کہا پاکستانی نژاد پچاس لاکھ سے زیادہ کینیڈین دونوں ممالک کے مابین ایک مضبوط پل ہیں اور وہ دوستی ، معاشی روابط ، تجارت اور ترقیاتی تعاون سمیت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں موجودہ روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔