نئی دہلی، میسور(نیٹ نیوز)کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور جنتا دل سکیولر کے سربراہ ایچ ڈی کماراسوامی نے قراردیا ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی کا انڈیا کے خلائی تحقیقی ادارے اسرو میں چھ ستمبر کو پہنچنا وکرم لینڈر کے چاند پر اترنے کے بھارتی خلائی مشن کیلئے برا شگون ثابت ہوا ۔ ایچ ڈی کماراسوامی نے میسور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہامجھے پتہ نہیں لیکن شاید مودی کے قدم رکھنے کا وقت اسرو کے سائنسدانوں کیلئے برا شگون رہا۔وزیر اعظم مودی چھ ستمبر کی شب کو بھارتی عوام کو یہ پیغام دینے کیلئے بنگلورو پہنچے کہ وہ چندریان لانچ کے پس پشت ہیں۔وزیر اعظم مودی یہاں شہرت حاصل کرنے کیلئے آئے تھے ۔ در حقیقت یہ پراجیکٹ2008-09 کی کانگریس کی قیادت والی یو پی اے کی حکومت اور سائنسدانوں کا تھا۔بے چارے سائنسدانوں نے 12-10 سال تک محنت کی، چندریان 2 کی منظوری کابینہ نے 2008-09 میں ہی دیدی تھی اور اسی سال مختص فنڈ بھی جاری کر دیا گیا تھا۔انڈین میڈیا کے مطابق ایچ ڈی کماراسوامی نے ایک نئے تنازع کو ہوا دی ہے جس پر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث جاری ہے ۔بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ اگر مودی چندریان 2 کیلئے برا شگون ہیں تو کمارا سوامی کرناٹک کیلئے اور ملک کیلئے برا شگون ہیں لیکن بعض ان کے بیان کو ان کی سیاسی چال کہہ رہے ہیں۔