لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ مودی سرکار کشمیریوں کا جذبہ حریت کچل نہیں سکتی جبکہ انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے ۔ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیا ہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر مودی سرکار نے تمام اخلاقی، سفارتی اور سیاسی قوانین کو پامال کیا۔بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔علاوہ ازیں انہوں نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکے بدترین اورانتہائی دل آزاری والا اقدام ہے ،جس کی مہذب معاشرے میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر کھیل و امورنوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مزید محنت اورجانفشانی سے کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تحصیل اورنچلی سطح پر نئے سٹیڈیم اورگراؤنڈ بنائے جائیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے پنجاب ایمرجنسی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریسکیو 1122سروس کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ریٹائرمنٹ کی عمر45سال سے بڑھا کر50برس کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں دوران تربیت ریسکیورز کو قواعدو ضوابط کے تحت تنخواہ اوردیگر مراعات دینے اور3235افسروں اورعملے کوقواعدوضوابط کے مطابق ریگو لر کرنے کی منظوری دی گئی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے چنیوٹ کے علاقے میں طالبہ سے زیادتی کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ۔پولیس نے ایک ملزم شاہدکو گرفتارکرلیا ۔ راوی روڈپر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔علاوہ ازیں انہوں نے فیصل آباد کے علاقے دو بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آبادسے رپورٹ طلب کرلی ۔