اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی؍ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو متنبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے مودی سرکار پاکستان کے خلاف جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے ۔عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کا آر ایس ایس سے متاثرہ نظریہ بہت واضح ہے ، غیرقانونی الحاق سے کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم رکھنا، طاقت کا بہیمانہ استعمال اور غیر انسانی سلوک اس کی مثال ہے ، کشمیر میں بھارت سہ رخی سوچ پر عمل پیرا ہے جس میں کشمیریوں کے خلاف طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا جا رہا ہے ، خواتین اور بچوں کے خلاف غیر انسانی ہتھیار پیلٹ گننز استعمال کی جا رہی ہیں، بھارت نے کشمیر کا غیر انسانی لاک ڈائون کر رکھا ہے ، کشمیریوں کو خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا بڑے پیمانے پر نوجوانوں سمیت کشمیریوں کو قید رکھا گیا اور مواصلات کے تمام ذرائع معطل کرکے کشمیر کو دنیا سے الگ تھلگ کر رکھا ہے ، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کر رہاہے ۔عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ مسلمان کی قوت اسکا ایمان ہے ، اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کیلئے اور ارشادِ نبوی کی پیروی کرتے ہوئے صرف اللہ کی رضا اور ثواب کی خاطر رکھے گئے روزے ، ربّ ِکریم کی طرف سے ہمارے تمام پچھلے گناہوں کی بخشش کا وعدہ ہیں ۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے صحیح بخاری کی یہ حدیث مبارکہ بھی شیئر کی کہ جو رمضان میں حالت ایمان اور ثواب کی نیت سے روزہ رکھتا ہے تو اس کے پچھلے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں ۔