نیو یارک(نیٹ نیوز) عالمی ذرائع ابلاغ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے ، امریکہ کے ایک موقر اخبار نے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں غصے کی آگ بھڑکا دی ہے اور جمہوریت کو داغ دار کر دیا ہے ۔واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ آرٹیکل 370 کشمیریوں کو خصوصی حیثیت دیتا تھا جسے مودی نے ختم کر دیا۔ مودی بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں،کشمیر کی گلیوں میں لوگ نظر نہیں آتے بلکہ فوجیوں کا ہجوم ہے ، علاقے کو ممنوعہ بنا دیا گیا ہے اور ہر جگہ چوکیاں اور خاردار تاریں نظر آتی ہیں،لوگ دنیا سے کٹے ہوئے ہیں، انٹرنیٹ، کیبل، موبائل سروس بند ہے ۔ مودی شاید چاہتے ہیں کہ ہندو قوم پرست 1950ء کی سطح پر واپس چلے جائیں۔ مودی نے کشمیر میں غصے کی ایسی آگ بھڑکا دی ہے جو شاید مستقبل میں کافی دیر تک جلتی رہے گی، مودی کا ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا وعدہ بھارتی جمہوریت کیلئے تاریک انجام ثابت ہو سکتا ہے ۔