مظفر آباد،اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے مودی معصوم کشمیریوں کا قاتل ہے ،ہمارے دل اہل کشمیر کے ساتھ ہی دھڑکتے ہیں اور جب تک کشمیر پاکستان نہیں بن جاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی،کشمیریوں نے سترسال سے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے ،مودی نے آرٹیکل 370اور 35اے ختم کر کے پور ی دنیا کو چیلنج کیا ہے ،پاکستان ایٹمی قوت ہے ،دنیا میں اپنا باوقارمقام بحال کرنے کے لیے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی،ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کی اشد ضرورت ہے ،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی آنکھ ہی نکال دیں گے ۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ذوالفقار بھٹو نے نیو کلیئر پروگرام کی بنیاد رکھی، نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، نیوکلیئر دھماکوں کا کریڈٹ پوری قوم ،افواج پاکستان اور تمام سیاسی جماعتوں کو جاتا ہے ۔کشمیرصرف نقشے میں شامل کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، اس پر عملی کام کی ضرورت ہے ،بین الاقوامی برادری میں کشمیر کے لیے موثر سفارتکاری کی ضرورت ہے ،کشکول توڑنا ہوگا،مودی نے دنیا کو ثابت کیا کہ وہ مسلمانوں کا ہی نہیں کشمیریوں کا بھی قاتل ہے ۔آج کشمیر کے ہر گھر میں برہان مظفر وانی ہے ،ایک نانا کو برلب سڑک شہید کیا اور اس کے معصوم نواسے کو اس کے اوپر بٹھا دیا گیا،ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،بھارت نے سلامتی کونسل کی گارنٹی اور قراردادوں کی دھجیاں اڑادی ہیں،سفارتی سطح پر مودی کے مظالم کو دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔ دنیا نے دیکھا برلن والوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور روس ٹکڑے ٹکڑے ہوا،دیوار برلن گر گئی اسی طرح کشمیریوں کی تحریک بھی کامیاب ہوگی، کنٹرول لائن دیوار برلن ثابت ہوگی۔ سید علی گیلانی ،یاسین ملک،آسیہ اندرابی سمیت پوری حریت قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو مرد مجاہد ہیں۔شہباز شریف نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگاکر تقریرختم کی۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پاکستان کے ہمیشہ کے دوست برادر ملک سعودی عرب کے حوالے سے بیان غیر ذمہ دارانہ افسوسناک، قابل مذمت اور قومی وملی مفادات کے منافی ہے ۔دونوں ملکوں کے درمیان سٹرٹیجک اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ حکومت اس سے پہلے بھی پاکستان کے قریبی اور دوست ممالک سے متعلق ایسی ہی حرکتیں کرچکی ہے ،سعودی عرب سے معذرت کی اور معاملات کو خوش اسلوبی، دانائی اور احسن انداز سے ڈیل کیاجائے ۔سعودی عرب نے جوہری دھماکوں سمیت درپیش مشکلات اور آزمائش کے ہر مرحلے پرپاکستان اور اس کے قومی مفادات کا ساتھ دیا۔