نیویارک ( ندیم منظور سلہری سے ) امریکی کانگریس کے رکن راجہ کرشنا مورتی نے کہا ہے کہ کشمیر کے اندر حالات غیر معمولی ہیں اور لوگ اس وقت مشکل میں ہیں لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے وہاں کے حالات نارمل ہونے چاہئیں تاکہ لوگ آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔ شمبرگ ٹائون ہال شکاگو میں مختلف کیمونٹیز کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ مودی حکومت سے درخواست کریں گے کہ وہ کشمیر کے اندر حالات کو نارمل کرے جو کافی عرصے سے خراب ہیں ۔ کشمیر سالیڈیرٹی کونسل کے چیئرمین جاوید راٹھور نے کانگریس رکن سے کہا کہ انہوں نے کشمیر کے حالات کے بارے میں جو نقطہ نظر پیش کیا ہے وہ درست نہیں بلکہ یہ ہندوستانی حکومت کا نقطہ نظر لگتا ہے ۔ کشمیر کی صورتحال بہت کشیدہ ہے اور انہیں ایک امریکی کانگریس مین کی حیثیت سے مسئلے کا صحیح ادراک ہونا چاہیے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے نہ کہ ہندوستان کی حکومت کے نقطہ نظر کو پروموٹ کرنا چاہیے ۔ اس پر کانگریس رکن نے کہا وہ ان سے اس بارے میں خصوصی ملاقات کریں گے جس میں کشمیر سے متعلق تفصیلاً بات ہوگی اور کشمیریوں کا نقطہ نظر سمجھنے کی کوشش کریں گے ۔کشمیری یکجہتی کونسل کے وفد نے کانگریس کے رکن ڈیوڈ سسلین سے بھی ملاقات کی اور انہیں کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈیوڈ سسلین نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کانگریس کے فلور پر کشمیر کا مسئلہ اُٹھائیں گے ۔