لاہور (سٹاف رپورٹر) مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ دینا اسلام سے غداری کے مترادف ہے ۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں بشمول جینوسائیڈ واچ اور ہیومن رائٹس واچ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم اور قتل و غارت گری کو اپنی حالیہ رپورٹس میں بُری طرح بے نقاب کیا ہے ۔ اس صورتِ حال میں عالمی اداروں کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ بھارت کے خلاف عملی اقدام اُٹھائیں۔ لیکن انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ ابھی تک یہ عالمی ادارے محض بیان بیازی پر اکتفاکر رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارتی ریاست دہشت گردی اور انتہا پسند ہندو گروہوں کی سرگرمیاں اس حد تک پہنچ چکی ہیں کہ وہ عورتوں، بچوں اور بوڑھوں سمیت کشمیری مسلمانوں کی نسل کُشی پر اُتر آئے ہیں اور ان کے ساتھ عقوبت خانوں میں انتہائی اذیت ناک سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف بھارت لائن آف کنٹرول کے اُس پار سے آزاد کشمیر پر بلااشتعال گولہ باری کر کے معصوم شہریوں کو بے دریغ شہید کر رہا ہے ۔ حکومت ِ پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ وہ بھارت کی اِس نوع کی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دے ۔