پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاکستان کو دس دن کے اندر شکست دینے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاک فوج کی صلاحیتوں سے متعلق کسی غلط فہمی میں نہ رہے‘ دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ مودی کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور جنگی جنون پر مبنی ہے۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ بھارتی وزیر اعظم پاکستان کے بارے میں لاعلاج جنگی جنون کا شکار ہیں کبھی وہ کچھ کہتے ہیں ‘کبھی کچھ۔ گزشتہ سال فروری میں پاک فوج کی طرف سے بھارتی طیارے کو مار گرانے اور اس کے پائلٹ کو گرفتار کرنے اور پھر خیر سگالی کے طور پر پاکستان کی طرف سے اس کی رہائی کے باوجود وہ ہٹ دھرمی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ لگتا ہے ان کے ہاں حمیت نام کو نہیں اور ہر طرف بے شرمی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ مودی کو اپنی بیان بازیوں کے باوجود اس بات کا ادراک ہے کہ بھارتی فوجیں پاک فوج کے جذبہ ایمانی حب الوطنی کا کسی طرح بھی مقابلہ نہیں کر سکتیں اس کے باوجود وہ کھسیانی بلی کھبا نوچے کے مصداق منہ زبانی چھیڑ خانیاں کر کے اپنی خفت مٹانا چاہتے ہیں۔ عالمی برادری بھارتی وزیر اعظم کے ایسے غیر ذمہ دارانہ اور جنونی بیانات کا نوٹس لے۔ کہیں ایسا نہ ہو ان کے بیانات عدم برداشت کا باعث بنیں اور خطہ ایٹمی جنگ کے خطرے سے دوچار ہو جائے۔