لارڈز(سپورٹس ڈیسک)آئندہ 4برس تک دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کیلئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج اتوار کو لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل ہوں گی، جیت کسی کے بھی حصے میں آئے لیکن تاریخ ضرور رقم ہوگی کیوں کہ دونوں ہی ٹیمیں آج تک ورلڈکپ نہیں جیت سکی ہیں۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم خطرناک ہے اس لیے اسے کمزور حریف تصور نہیں کرتے ، پرجوش ماحول میں انگلینڈ جیتے گا تو انگلش کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔ لارڈز میں اپنے لوگوں کو فائنل جیت کر خاص تحفہ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہوم ایڈوانٹیج ہے اور 27سال بعد لارڈز میں فائنل کھیل رہے ہیں، ورلڈکپ کا فائنل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمیں اس ٹورنامنٹ میں اپنے لوگوں کی جانب سے زبردست سپورٹ ملی ہے ، اسی سپورٹ کے تحت عالمی چیمپئن بننا چاہتے ہیں۔ہفتے کو لارڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اوئن مورگن نے کہا کہ گذشتہ 4سال کی محنت رنگ لارہی ہے ، ہمارے پاس خاص موقع ہے ، پوری ٹیم چاہتی ہے کہ اپنے مداحوں کیلئے کچھ خاص کرے ۔مورگن نے کہا کہ فائنل پوری ٹیم کے لیے خاص ہے اور سب اس موقع پر جذباتی ہورہے ہیں۔ دوسری طرف کین ولیمسن نے بھی جیتنے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔