کراچی،اسلام آباد (این این آئی،92 نیوزرپورٹ) بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 1 سے 2 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کردی ہے ۔ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی مرتب کردہ جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نجی شعبے سے حاصل کردہ قرضوں کی واپسی کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستان کے پاس آئندہ 12 سے 18ماہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے زرمبادلہ کے ذخائر دستیاب ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت سے پاکستان میں فارن ایکس چینج کی دستیابی رہے گی۔ کورونا وبا کی وجہ سے بڑھنے والے حکومتی اخراجات سے معاشی اشاریے دبا ؤمیں رہیں گے ۔ دریں اثنا موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ مستحکم قرار دے دی۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ بی تھری برقرار رکھنا اقتصادی و مالی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے موڈیز آؤٹ لک پر ٹویٹ میں کہا کہ عالمی وباء کے دوران موڈیز نے پاکستان کے معاشی نظام میں بہتری کی تصدیق کر دی اور وزیراعظم کے وژن، صحت اور معاشی تحفظ کے نقطہ نظر کو تسلیم کیا۔انہوں نے کہا پاکستان نے معاشی اور قومی دونوں معاملات پر کامیابی حاصل کی ہے ۔