کراچی ،میر پور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز،این این آئی )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو گھر بھیجنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سے آج ملوں گا،دھاندلی زدہ حکومت کو گھر جانا پڑیگا ۔میر پور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئر مین پی پی نے اپنے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی یو این او میں تقریر کو اچھا قرار دیدیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ان کا فوکس کشمیر ہونا چاہیے تھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ انھیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی ضرورت زیادہ ہے اس حساب سے مدد کی جائے ۔ یہاں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی ضرورت ہوگی، سندھ حکومت کی طرف سے مدد کریں گے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ سب کی سوچ اور مطالبہ ایک ہے کہ یہ حکومت دھاندلی زدہ ہے ۔ ہمارا آزادی مارچ پر موقف واضح ہے ۔ پیپلز پارٹی دھرنے کی سیاست کے خلاف رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ایک خاص رشتہ ہے ۔ کشمیریوں کا حق ہے کہ ان کو تمام انسانی حقوق ملیں۔اس سے قبل انہوں نے میرپور کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زلزلہ متاثرین کی عیادت کی۔دریں اثناوزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے میرپور کے دورہ پر آئے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیااور زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم آزادکشمیر کے امدادی سرگرمیوں میں کردار کو سراہا ۔ ادھر پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام(ف)کی قیادت کے درمیان ملاقات طے پاگئی ۔بلاول بھٹو زرداری آج وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے ۔ ملاقات شام 4 بجے سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ پر ہوگی۔