اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر پیشگوئی کی ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اکٹھے نہیں چل سکتیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اتحاد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں،آصف زرداری 18 سال کی دوشیزہ نہیں، وہ چھٹا بحری بیڑہ ہیں، سب سے سیانے سیاستدان ہیں اور انہیں پتا ہے کب کیا کرنا ہے ۔ جو کہتے تھے شیخ رشید اسمبلی میں نہیں آئیگا آج وہ کہیں اور بیٹھے ہوئے ہیں۔قوم نے عمران خان کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے ، ہم جمہوریت کو آگے لے کر چلیں گے ، اپوزیشن جماعتوں سے دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے ، میں مولانا فضل الرحمٰن کو بھی جشن آزادی کی مبارکباد دے رہا ہوں اور انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ لال حویلی آکر جشن آزادی دیکھیں اور اپنا دل بہلائیں، 22 سال سے مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام اور کشمیر کیلئے کیا کیا ہے ۔میں نے آج سپیکر ایاز صادق کو مبارکباد دے کر کہا ، اب کس کا مائیک بند کرینگے ۔ وزارت لینے کے سوال پر انہوں نے کہا میں نے عمران خان سے کسی وزارت کی ڈیمانڈ نہیں کی، وہ جہاں مناسب سمجھیں گے وہاں لگائیں گے ، میں غریبوں کی آواز بنوں گا۔ پوری کوشش ہو گی کہ نالہ لئی کو سی پیک میں شامل کیا جائے تاکہ اس کا مسئلہ ہی حل ہو جائے ۔ کامیاب الیکشن پر پاک فوج، چیف جسٹس کو مبارکباد دیتا ہوں، دھاندلی 2018 نہیں 2013 میں ہوئی۔ ن لیگ میں جلد فارورڈ بلاک نظر آئیگا۔