کراچی ، اسلام آباد، فیصل آباد(92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک،سٹی رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے جہاں تعلیمی سرگرمیاں بند، کاروبار معطل ہے وہاں جلسے کی اجازت کیسے دی گئی، اس چوں چوں کے مربہ میں پہلے پیپلز پارٹی بھی شامل تھی مگر آج باہر ہے ۔ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں لیکن جلسے کی اجازت بھی دے رہے ہیں۔ شہباز شریف مگرمچھ کے آنسو بہارہے تھے ، جب ان کی حکومت تھی تب انہوں نے کیاکیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ن لیگ فضل الرحمن کی بی ٹیم بن گئی،پی ڈی ایم والے پولیٹیکل کارڈ کھیل نہیں سکتے ، یہ مذہبی کارڈ کھیلتے ہیں، مریم نواز کو پوری زندگی آزاد کشمیر کا الیکشن نہیں بھولے گا، وہ موم بتی مافیا این جی اوز کو آگے لانا چاہتی ہیں، خواتین کو حقوق دلانے نکلیں تھیں لیکن پی ڈی ایم نے انہیں جلسے میں ہی نہیں آنے دیا، انہیں پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینا چاہئے ، اگلے الیکشن میں ن لیگ کا جی ٹی روڈ سے بھی صفایا ہو جائے گا۔ پرچی چیئرمین کی بیان بازی سندھ کے حالات سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے ، سندھ کے عوام کو بنیادی سہولیات تک نہ دے سکنے والے مجرم ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا مدارس کے بچوں کو زبردستی جلسے میں لانا کہاں کی اخلاقیات ہے ، مولانا کورونا کے سفیر بن چکے ہیں، ان بچوں پر رحم کریں۔شہبازگل نے کہامولانا فضل الرحمان ایک بیروزگارانسان ہیں،مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ ڈیل کی اورمزے لوٹتے رہے ،پاکستان کی سیاست میں فضل الرحمان کھوٹے سکے ہیں جس کواب کوئی خریدنے والانہیں۔