اسلام آباد؍ سیالکوٹ (لیڈی رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے طریقہ کار پر عمل ہورہا ، آصف زرداری کے اہل خانہ میڈیا پر بیانات کی بجائے قانونی راستہ اختیار کریں، ضلعی عدالتوں کی حالت زار سے وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا، وزیراعظم نے وزیر قانون کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی، فضل الرحمٰن کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں اور ان کے کھلاڑی گرائونڈ میں موجود ہیں لیکن نڈھال ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا اگر آصف زرداری بیمار ہیں تو وہ طریقہ کار کے تحت درخواست دیں اور ان کے اہل خانہ میڈیا پر بیانات کی بجائے قانونی راستہ اختیار کریں۔ پرویز مشرف کے ٹرائل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اس مقدمے میں بھاری بھرکم معاوضے پر وکلا کا گروپ تشکیل دیا گیا جس گروپ کو وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس بھی تسلیم نہیں کرتا جبکہ قومی خزانہ بھی اتنے بھاری اخراجات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمٰن نے فل ٹاس گیندوں پرکریز سے نکل کر چھکے لگائے ، ان کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں، ان کے کھلاڑی گرائونڈ میں موجود ہیں لیکن نڈھال ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا دھرنے کے مقام کے ارد گرد موجود لوگوں کو بھی آزادانہ زندگی گزارنے کا حق ملنا چاہئے ۔فردوس عاشق نے کہا وزیراعظم عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، اپوزیشن 4 سال انتخابات کا انتظار کرے ۔انہوں نے کہا نواز شریف کی ضمانت میرٹ پر ہوئی۔علاوہ ازیں فردوس عاشق نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کی خواہش ہے نوجوان نسل مغربی دنیا کو نہیں بلکہ سیرت نبیﷺ کو مشعل راہ بنائے ۔انہوں نے کہا بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کا فیصلہ دے کر مسلمانوں کے زخموں کی نمک پاشی کی ۔