وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مون سون کی آمد سے قبل اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات اور انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی سے اس سلسلہ میں جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ ہمارے ہاں ہر سال مون سون کے موسم میں سیلاب ایک معمول بن چکا ہے۔ اس کی کئی ایک وجوہات ہیں جن میں عالمی موسمیاتی تبدیلیاں بھی شامل ہیںتاہم یہ پہلو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ دنیا میں کئی ایسے ممالک ہیں جہاں روزانہ بارش ہوتی ہے لیکن وہاں کی حکومتوں نے جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لئے حفظ ماتقدم کے طور پر کئی اقدامات کر رکھے ہیں ہمارے ہاں مستقل بنیادوں میں اس سلسلہ میں کوئی منصوبہ بندی آج تک نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں ہمیں ہر سال بھاری جانی‘ مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موسم میں تبدیلیوں سے پہلے نقصان سے بچنے کی منصوبہ بندی کی جائے‘ اس کے لئے مون سون کی آمد سے پہلے ہی دریائوں میں پانی کی صورتحال کو مانیٹر کیا جانا چاہیے اور تمام تر جدید ذرائع سے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں مکمل اور مستند معلومات حاصل کی جائیں۔ تمام متعلقہ محکمے ان دنوں میں نہ صرف اپنے آپ کو مکمل الرٹ رکھیں بلکہ عوام کو بھی اس سلسلہ میں تمام معلومات فراہم کریں اور جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے حکومت اس سلسلہ میں عوام کو مکمل آگاہی فراہم کرے تاکہ سیلابی صورتحال میں نقصان سے بچا جا سکے۔